جموں،22؍اپریل(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا)جموں وکشمیرنیشنل پنتھرس پارٹی کے سرپرست اعلیٰ پروفیسر بھیم سنگھ ، جنہوں نے 30برسوں تک طلبا اور نوجوان پرمظالم اوردبانے کے کارروائیوں کے خلاف طلبا و نوجوانوں کی قیادت کی ہے، وادی کشمیرکے طلبا سے ریاست کی بدعنوان، ناپسندیدہ اور ناقابل قبول بی جے پی۔پی ڈی پی حکومت، جو گزشتہ کئی مہینوں سے ریاست کی موجودہ حالات کو قابو کرنے میں ناکام رہی ہے، کے خلاف پرامن احتجاج جاری رکھنے کی اپیل کی ہے جس سے اسے بے نقاب کرکے اقتدار سے ہٹایاجاسکے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے کہاکہ کانگریس، نیشنل کانفرنس اور موجودہ بی جے پی ۔پی ڈی پی حکومت سبھی نے جموں وکشمیرکے باشندوں کی جمہوری آواز کو دبانے کا کام ہے۔پروفیسر بھیم سنگھ نے صدر جمہوریہ پرنب مکھرجی پر زور دیا کہ وہ دفعہ 370کے تحت حاصل اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے جموں وکشمیر کے گورنر کو جموں وکشمیر آئین کے سیکشن ۔92کے تحت ریاست میں گورنر راج لگانے کی ہدایت دیں ۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ صدر اپنا فرض ادا کریں گے۔انہوں نے ریاست کی وزیراعلی محبوبہ مفتی کو بھی مشورہ دیا کہ جموں وکشمیر کے متاثرہ باشندوں اور مفادات میں حکومت سے خود کو الگ کرلیں۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ محترمہ مفتی موجودہ حالات کوسمجھتے ہوئے اپنے وزیراعلیٰ کے عہدہ سے استعفیٰ دے دیں گی۔